Thursday, March 28, 2024

ٹرمپ کا آج کا بیان 2018کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے ، دفتر خارجہ

ٹرمپ کا آج کا بیان 2018کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے ، دفتر خارجہ
January 3, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکی صدر کےبیان کا خیر مقدم کرتا ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ کا آج کا بیان  2018 کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے ۔ بھارتی ڈرونز کا پاکستانی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنا قابل مذمت ہے  ہماری فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں ، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان آیا تو پاکستان بھی ردعمل دینے میں پیچھے نہ رہا۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے  امریکی صدر کا اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کی خواہش کاخیرمقدم کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان ان کی ایک سال پہلے یکم جنوری 2018 کے ٹویٹ سے دوری ہے، پاکستان اس مثبت پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں ممالک کے راہنمائوں کے مابین رابطوں کیلئے پر اُمید ہے ۔ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادیوسے متعلق بھارتی میڈیا کی معلومات کوحقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مقدمہ زیر سماعت ہے بات نہیں کر سکتے، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، بھارت مسلسل مذاکرات سے بھاگ رہا۔ پاکستان نے بھارت سے اقوام متحدہ فوجی مبصرمشن کو کنٹرول لائن کا تک رسائی دینے کا مطالبہ  بھی کیا اور ساتھ ہی  سرجیکل سٹرائیکس کا بھارتی دعوی ایک بار پھر مسترد  کیا۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ  بھارتی میڈیا نے خود سرجیکل سٹرائیکس کی نفی کی  اور کہا کہ  بھارتی ڈرونز آنا قابل مذمت اقدام ہے ،  دونوں ڈرونز گرادیئے، سرجیکل سٹرائیکس کبھی نہیں ہوئی ،  بھارتی میڈیا خود بھی نفی کر چکا ہے۔ جارحیت کا منہ توڑجواب دیں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اوراسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دینے سے متعلق لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔