Saturday, April 20, 2024

ٹرمپ پاکستان کو چھوڑنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، امریکی اخبار

ٹرمپ پاکستان کو چھوڑنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، امریکی اخبار
January 7, 2018

نیو یارک (92 نیوز) امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے صدر ٹرمپ کو متنبہ کیا کہ وہ اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ پاکستان کو چھوڑ دیں۔ پاکستان کسی بھی لمحے امریکا کو دی گئی رسائی بند کر سکتا ہے۔
امریکی اخبار نے خصوصی رپورٹ شائع کر کے ڈونلڈ ٹرمپ کی آنکھیں کھول دیں۔
ادارتی بورڈ نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف جاری جنگ جیتنے کیلئے امریکا کو پاکستان سے کہاں کہاں اور کیسا تعاون چاہئے۔
اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آنکھیں کھولی ہیں۔
اخبار کے مطابق پاکستان نے اہم خفیہ معلومات امریکا کو فراہم کی ہیں۔ افغانستان کیلیے ہر پرواز پاکستانی فضا سے گزرتی ہے۔ زیادہ تر سپلائی پاکستانی ریل یا روڈ سے ہوتی ہے۔ پاکستان کے خلاف فیصلے سے لگتا نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس اثرات سے نمٹنے کی پالیسی ہے۔
اخبار نے لکھا کہ امریکی صدر کے فیصلے سے پاکستان چین کا زیادہ قریبی اتحادی بن سکتا ہے اور بھارت کے خلاف زیادہ سخت رویہ اپنا سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا پرانے پارٹنرز کو امریکا سے دور کرنے کا فیصلہ چین کیلیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔
نیو یارک ٹائمز نے لکھا کہ پاکستان سے تعاون کیلیے ڈونلڈ ٹرمپ کو شور مچانے کے بجائے بات چیت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے زیادہ تعمیری تعاون کیلیے ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی اور سفارتی طریقے اپنانے چاہییں۔ امریکا کو سعودی عرب اور امارات سے نئے دوستانہ تعلقات استعمال میں لانا چاہییں۔