Thursday, March 28, 2024

ٹرمپ نے یورپی یونین ٹوٹنے کی حمایت کر دی

ٹرمپ نے یورپی یونین ٹوٹنے کی حمایت کر دی
January 16, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب اپنی توپوں کا رخ یورپ کی طرف کرلیا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ باقی رکن ممالک بھی یورپی یونین سے نکل جائیں گے۔ برطانیہ کے ساتھ تجارتی اور روس سے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ کریں گے۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نیویارک آفس میں برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اور ملک اپنی شناخت چاہتا ہے اور برطانوی عوام نے اپنی شناخت قائم رکھنے کے لیے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیے۔ بہت جلد باقی رکن ممالک بھی یورپی یونین کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ صدارت سنبھالنے کے بعد جلد برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو امریکا کے دورے کی دعوت دیں گے اور فروری میں ان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات متوقع ہے۔ برطانیہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ ان کی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس کے ساتھ اسلحے کی تخفیف کا معاہدہ کرنے کی خواہش ہے۔ ایٹمی ہتھیاروں میں بتدریج کمی ہونی چاہیے۔

ٹرمپ نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو پناہ گزینوں کی پالیسی پر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انجیلا مرکل نے دس لاکھ سے زیادہ تارکین وطن کو ملک میں بغیر دستاویزات داخلے کی اجازت دے کر تباہ کن فیصلہ کیا۔ نومنتخب امریکی صدر نے نیٹو پر بھی تنقید کے تیر چلائے اور نیٹو کو متروک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ایسا اتحاد ہے جسے دہشت گردی پر کوئی پریشانی ہی نہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ آئندہ پیر کو غیرقانونی تارکین وطن کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے ایک حکم نامے پر دستخط بھی کریں گے۔