Thursday, April 18, 2024

ٹرمپ نے پانچ سو پچاس بلین ڈالر کی چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیں

ٹرمپ نے پانچ سو پچاس بلین ڈالر کی چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیں
August 24, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا چین تجارتی جنگ میں شدت آنے لگی۔ صدر ٹرمپ نے پانچ سو پچاس بلین ڈالر کی چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیں۔ ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  دو سو پچاس بلین ڈالر کی چینی مصنوعات پر عائد ٹیرف پچیس فیصد سے  بڑھا کر تیس فیصد کردیا گیا ہے جو یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہو گا جبکہ بقیہ تین سو ارب ڈالر کی مصنوعات پر یکم ستمبر سے  پندرہ فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو چین چھوڑنے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ اس کا متبادل تلاش کرنا شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کیساتھ تجارت میں امریکا نے کئی سالوں کے دوران کھربوں ڈالر گنوائے ، ہمیں چین کی ضرورت نہیں ۔ امریکا اس کے بغیر بہت بہتر ہے ۔ اس سے قبل چین نے 75 بلین ڈالر مالیت کی امریکی مصنوعات پر نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان  تجارتی جنگ سے  عالمی مارکیٹوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ ڈاؤ جونز چھ سو بیس  پوائنٹس کمی کیساتھ پچیس ہزار چھ سو اٹھائیس اعشاریہ نو صفر پر بند ہوا۔ ایس اینڈ پی انڈیکس دو اعشاریہ چھ  فیصد کمی سے دو ہزار آٹھ سو سینتالیس اعشاریہ چار آٹھ  جبکہ نیسڈک کمپوزٹ انڈیکس تین فیصد کمی سے سات ہزار سات سو اکاون اعشاریہ سات سات   پر بند ہوا۔ اسی طرح لندن کے فنانشل ٹائمز اسٹاک ایکسچینج اور جرمن ڈیکس میں بھی منفی رجحان دیکھا گیا۔