Sunday, May 5, 2024

ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی 6ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے

ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی 6ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے
January 21, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد صدارتی قلم بھی چلا دیا۔ ٹرمپ نے وقت ضائع کیے بغیر چھ ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے۔ کانگریس کے ارکان نے نئے صدر اور ان کے نائب کے اعزاز میں پہلا عشائیہ بھی دے ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی قانون میں چھوٹ دیتے ہوئے وزیردفاع کے عہدے کے امیدوار جیمز میٹس کو عہدہ سنبھالنے کی اجازت دے دی۔  امریکی قانون کے تحت سابق فوجیوں کے لیے کوئی حکومتی عہدہ سنبھالنے سے قبل نوکری چھوڑے ہوئے سات برس کا عرصہ گزارنا لازمی ہے۔

اس کے علاوہ ٹرمپ نے اپنی کابینہ کے ارکان کے نام بھی سینیٹ کو بھیج دیے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے حب الوطنی کا قومی دن منانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ٹرمپ کابینہ کے ارکان کی سینیٹ سے منظوری ضروری ہے۔ امریکی کانگریس کے ارکان نے کیپیٹل ہل کے سٹیچوری ہال میں نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے اعزاز میں پہلا عشائیہ دیا۔

کھانے میں گوشت، جھینگا مچھلی اور آئس کریم پیش کی گئی۔ ٹرمپ عشائیے میں شریک اپنی سیاسی حریف ہلری کلنٹن کی میز کی جانب چل کر گئے اور گرم جوشی کے ساتھ مصافحہ کیا اور تقریب میں شرکت کرنے پر ہلری کا شکریہ ادا کیا۔

عشائیے میں امریکا کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور مائیک پینس کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔ امریکی صدر نے تقریب سے خطاب کے دوران سابق صدر بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ ہلری کلنٹن کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان دو شخصیات کی دل سے عزت کرتے ہیں۔