Thursday, April 25, 2024

ٹرمپ نے شمالی کورین رہنما پر مذاکرات سے قبل ہی دباؤ ڈالنا شرع کردیا

ٹرمپ نے شمالی کورین رہنما پر مذاکرات سے قبل ہی دباؤ ڈالنا شرع کردیا
April 19, 2018
وائٹ ہاؤس ( 92 نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے  شمالی کوریا کے رہنما پر مذاکرات سے قبل ہی دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان دوریاں گھٹنے لگیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی پیانگ یانگ پر دباؤ برقرار رکھنے پر بضد ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر بات چیت غیرفائدہ مند لگی تو وہ اٹھ کر چلے جائیں گے۔ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے ساتھ پریس کانفرنس کی ، جس میں انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھا جائے گا، اور جس روز پیانگ یانگ نے ایسا کردیا وہ دنیا کیلئے بڑا دن ہوگا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر شمالی کورین رہنما کِم جونگ اَن سے متوقع ملاقات کا بھی ذکر کیا ، جس میں انھوں نے عندیہ دیا کہ اگر انھیں محسوس ہوا کہ بات چیت فائدہ مند نہیں ہورہی تو وہ فوراً واک آؤٹ کرجائیں گے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی غیرمستقل مزاجی کیلئے مشہور ہیں ، امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات کشیدہ تھے  جس کے دوران دونوں ممالک کے رہنما ایک دوسرے پر ذاتی حملے بھی کرتے رہے ۔ مگر اب چند ہفتوں سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری ہورہی ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پہلے صدر ہیں جو کسی بھی شمالی کورین رہنما سے ملاقات کررہے ہیں۔