Friday, April 26, 2024

ٹرمپ نے تھینکس گیونگ ڈے افغانستان میں امریکی فوجیوں کیساتھ منا یا

ٹرمپ نے تھینکس گیونگ ڈے افغانستان میں امریکی فوجیوں کیساتھ منا یا
November 29, 2019
بگرام (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان کا اچانک دورہ کیا، تھینکس گیونگ ڈے امریکی فوجیوں کے ساتھ منایا، صدر ٹرمپ کہتے ہیں افغان طالبان سیز فائر پر تیار ہو جائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھینکس گیونگ ڈے پر اچانک سے افغانستان پہنچ گئے، امریکی صدر کا طیارہ بگرام ایئربیس پہنچا۔ ان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن، سیکرٹ سروس کے ایجنٹ اور صحافی بھی تھے۔ صدر ٹرمپ نے امریکی فوجیوں سے ملاقات کی اور انہیں کھانے کی پلیٹوں میں ٹرکی بھی ڈال کر دیتے رہے۔ صدر ٹرمپ افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ بگرام ایئر بیس پر امریکی فوجیوں سے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی اس کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کافی حد تک افغانستان میں فوجیوں کی تعداد میں کمی کر رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کا پہلا دورہ افغانستان ہے اور ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک ہفتے پہلے ہی واشنگٹن اور افغان طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔