Sunday, September 8, 2024

ٹرمپ نے اقوام متحدہ کو بے اثر ادارہ قرار دے دیا

ٹرمپ نے اقوام متحدہ کو بے اثر ادارہ قرار دے دیا
September 19, 2017

نیو یارک (92 نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکی صدر پہلی بار نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں ٹرمپ نے عالمی ادارے کے سربراہ کو اپنے مخصوص انداز میں کھری کھری سنادیں۔ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کو بے اثر ادارہ قرار دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے لاکھ اختلاف سہی لیکن وہ کسی کے بھی سامنے کھلے ڈھلے انداز میں اپنی بات کہنے سے جھجھکتے نہیں۔ اقوام متحدہ  میں اصلاحات کے بارے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹیرس کو ساتھ بٹھا کر ٹرمپ نےانہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چند برسوں کے دوران اقوام متحدہ کے بجٹ اور عملے کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے لیکن مختلف عالمی معاملات پر اقوام متحدہ کی جانب سے خاطر خواہ نتائج نہیں مل رہے۔ اقوام متحدہ میں ہر طرف بیوروکریسی کا راج ہے۔

امریکی صدرکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو بیورو کریٹک کلچر ختم کر کے موثر ادارہ بنانا ہوگا۔

اقوام متحدہ دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے پر کام کرے جس کیلئے اسے خود احتسابی کا کلچر اپنانا ہوگا۔

 ٹرمپ کاکہنا تھا کہ

اقوام متحدہ میں اصلاحات کا بوجھ کسی ایک ملک پر ڈالنا درست نہیں۔اس سلسلے میں سب ممالک کو فوجی اور مالی تعاون کرنا ہوگا۔

امریکی صدر سے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ٹرمپ آج اقوام متحدہ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔