Friday, April 19, 2024

ٹرمپ مسلمانوں کا صفایا کر دینگے، امریکہ کی مساجد کو خطوط موصول

ٹرمپ مسلمانوں کا صفایا کر دینگے، امریکہ کی مساجد کو خطوط موصول
November 27, 2016

لاس ایبجلس (ویب ڈیسک) امریکہ میں تین مساجد کو نفرت انگیز خط موصول ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کی تین مساجد کو نفرت انگیز خطوط لکھے ہیں جن میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ امریکہ کو مسلمانوں سے پاک کر دیں گے۔ ان خطوط کے ملتے ہی امریکہ کے مسلم رہنما تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ان خطوط میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ سے مسلمانوں کا صفایا کر دیں گے۔ مسلمانوں کے لیے یہی بہتر ہے کہ اپنا سامان باندھیں اور یہاں سے نکل جائیں۔ لاس اینجلس میں کونسل آن امریکہ اسلامک ریلیشنز کے ڈائریکٹر حسام ایلوش کا کہنا ہے کہ یہ خطوط لاس اینجلس سے لکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ ان خطوط کی تفتیش کے لیے ایف بی آئی سے رابطے کے لیے سوچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا متعلقہ تینوں مساجد کو نفرت اںگیزی کے اس واقعے پر مقامی پولیس سے رابطے کا کہہ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سول رائٹس گروپس نے آٹھ نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت سے ہی مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کر رکھا ہے۔