Tuesday, April 23, 2024

ٹرمپ زبان قابو میں رکھیں: ڈائریکٹر سی آئی اے

ٹرمپ زبان قابو میں رکھیں: ڈائریکٹر سی آئی اے
January 16, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی سی آئی اے کے سربراہ جان برینن بھی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹس سے تنگ آگئے۔ کہتے ہیں ٹرمپ کو صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی زبان پر قابو رکھنا ہو گا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو صدر بن کراپنی بے ساختگی پر قابو پانا ہوگا۔ جان برینن کی مدت ملازمت جلد ختم ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ بات کریں یا کوئی ٹویٹ کریں تو ملکی مفاد کا خیال رکھنا ہو گا۔ یہ معاملہ اب صرف ڈونلڈ ٹرمپ کا نہیں بلکہ امریکا کا ہے۔ ٹرمپ جب صدر کے عہدے کا حلف لے لیں گے تو پھر امریکا کا مفاد اولین ہوگا۔ جان برنین نے کہا کہ سوچے سمجھے بغیر بیانات اور پیغامات سے قومی مفادات کا تحفظ نہیں ہو سکتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ روس کی اہلیت اور ارادوں کے بارے میں زیادہ سمجھ نہیں رکھتے۔ وہ روس کو ہرمعاملے میں بری الذمہ قرار دینے میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ جان برینن نے کہا کہ امریکا کا صدر ٹوئٹر پر پیغامات کے ذریعے ملکی اہمیت کے اعلان نہیں کر سکتا۔

جان برینن نے ٹرمپ کو اس بات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس میں انہوں نے امریکی انٹیلی جنس اداروں پر الزام لگایا کہ انہوں نے ٹرمپ کی نجی زندگی کے بارے میں خبر میڈیا کو مہیا کی۔ جان برینن نے کہا کہ ایسی معلومات جو پہلے ہی میڈیا کے پاس تھیں اس پر امریکی خفیہ اداروں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا کوئی جواز نہیں۔