Sunday, May 19, 2024

ٹرمپ خودکش مشن پر گامزن ہیں ، شمالی کوریا

ٹرمپ خودکش مشن پر گامزن ہیں ، شمالی کوریا
September 24, 2017

پیانگ یانگ (92 نیوز) شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ترکی  بہ ترکی جواب ۔ کہتے ہیں ٹرمپ خودکش مشن پر گامزن ہیں۔ امریکہ شمالی کوریا کیلئے بڑا خطرہ بن چکا ہے ۔

ادھر پیانگ یانگ میں لاکھوں افراد اپنے رہنما کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے دھواں دار خطاب میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ہمارے رہنما کم جانگ ان کو راکٹ مشین کہہ کر ایسی غلطی کی ہے جس کی کوئی تلافی ممکن ہی نہیں ۔ ٹرمپ شمالی کوریا کو دھمکیاں دیکر خود کشی کے راستے پر گامزن ہیں ۔ انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ ہمارے راکٹ اور میزائل پورے امریکہ کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

 وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ انکا ملک اپنی ایٹمی طاقت مکمل کرنے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔ انکے بقول شمالی کوریا ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے۔

 ادھرشمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں امریکہ مخالف مظاہرے میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین امریکی حکومت  اور صدر ٹرمپ کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین نے  شمالی کوریائی رہنما کم جانگ ان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

 دوسری جانب امریکی جنگی جہازوں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب پروازیں کیں ۔ پینٹاگون کے مطابق ان پروازوں کا مقصد شمالی کوریا کو  یہ پیغام دینا تھا کہ امریکی صدر جنگی آپشن سمیت سنگین اقدام اٹھانے کا سوچ رہے ہیں ۔

 چین نے بھی یکم جنوری سے شمالی کوریا کے لیے تیل کی مصنوعات کو 20 لاکھ بیرل سالانہ تک محدود کرنے اور  "ایل این جی" کی برآمد پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔