Thursday, March 28, 2024

ٹرمپ بدعنوانی اور عہدے کے غلط استعمال کا مرتکب قرار

ٹرمپ بدعنوانی اور عہدے کے غلط استعمال کا مرتکب قرار
December 4, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کیخلاف مواخذے کی تحقیقات میں  ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی نے ٹرمپ کو بدعنوانی اور عہدے کے غلط استعمال کا مرتکب قرار دے دیا ،رپورٹ میں کہا گیا ہے امریکی صدر نے قومی مفادات پر  سیاسی اور ذاتی مفادات کو ترجیح دی ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحقیقات کرنے والی ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی نے کئی ماہ کی تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ جاری کردی۔ تین سو صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ  کیخلاف پیش کردہ ثبوت ناقابل تردید ہیں ،انہوں نے  ری الیکشن کیلئے ذاتی اور حکومتی عہدیداروں کے ذریعے  یوکرائنی حکومت پر سیاسی حریف جو بائیڈن کیخلاف تحقیقات کیلئے دباؤ ڈالا۔ ٹرمپ نے قومی مفادات پر سیاسی اور ذاتی مفادات کو مقدم رکھا جس سے  انتخابی عمل اور قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوئے ، رپورٹ میں مزید کیا گیا  ہے  ٹرمپ نے سمن جاری ہونے کے باوجود سینئر عہدیداروں کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے  سے روک کر تحقیقات میں مداخلت بھی کی۔ رپورٹ جاری ہونے کے بعد ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی  میں اس  کے نتائج پر ووٹنگ ہوئی جس کے بعد  یہ معاملہ  ہاؤس  جوڈیشری کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے جو آج سے  تحقیقات کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گی۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اِسے یکطرفہ کارروائی قرار دیا ، ترجمان سٹیفنی گریشم کا کہنا تھا کہ  ڈیموکریٹس صدر ٹرمپ کیخلاف  ثبوت پیش کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اور یہ  رپورٹ اُن  کی مایوسی ظاہر کرتی ہے ۔