Sunday, May 12, 2024

ٹرمپ اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کریں ، عمران خان

ٹرمپ اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کریں ، عمران خان
January 23, 2020
ڈیوس ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے  امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کریں ۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر عالمی فورم پر پاکستانی قوم کے جذبات  کی ترجمانی کرتےہوئے  ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فارم کےموقع پر امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو انٹرویو میں وزیراعظم نے مودی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ دنیا اور لوگوں کی سوچ سے بھی زیادہ سنگین ہے۔ انہوں نے بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انتہا پسندانہ نظریے کا قبضہ ہے، جو ہندتوا یا آرایس ایس کا نظریہ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا آر ایس ایس کے بانی نازیوں سے متاثر تھے ،  وہ نسل پرستی کو پسند کرتے تھے اور نسلی بنیاد پر مسلمانوں کے قتل عام پر یقین رکھتے تھے۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو 5 اگست کے بعد کرفیو اور لاک ڈاؤن میں رکھا ہوا ہیں۔ بھارت نے کشمیر کی تمام سیاسی قیادت کو بند کیا ہوا ہے جبکہ ہزاروں نوجوانوں کو وادی سے باہر بھیج دیا گیاہے۔ وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو فوری طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مداخلت کرنی چاہیے اور اقوام متحدہ کا استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے امریکا ایران تنازع کو بھی تباہ کن قرار دے دیا۔ دوسری جانب عمران خان کا امریکی جریدے فارن پالیسی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت امریکا اور پاکستان کے لیے افغانستان بہت اہمیت رکھتا ہے۔ افغانستان کے بعد جس ملک کو سب سے زیادہ امن کی تلاش ہے، وہ پاکستان ہے۔ افغانستان سینٹرل ایشیا کی تجارتی راہداری ہے وہاں امن بہت ضروری ہے۔