Thursday, March 28, 2024

ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں سوفیصد اضافہ کر دیا

ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں سوفیصد اضافہ کر دیا
September 10, 2016
کراچی (92نیوز) عید قرباں کی تعطیلات ہوتے ہی کراچی سے اندرون ملک جانے والی بسوں کے مالکان نے کرائے میں سو فیصد سے زائد من مانا اضافہ کر دیا جس سے اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے والے پردیسوں کے ارمانوں پر اوس پڑنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف عید کی آمد آمد ہے تو دوسری جانب کراچی سے اندرون ملک جانے والی مسافر بسوں پر پردیسیوں کا رش بھی قابل دید ہے۔ ٹرانسپورٹ مافیا نے بھی موقع کو غنیمت جانا اور بسوں کے کرائے میں سو فیصد سے زائد اضافہ کر دیا۔ پر دیسی اپنے پیاروں میں عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں جانا تو چاہتے ہیں مگر اضافی کرائے سے پریشانی کا شکار ہیں۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ والوں کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں بس بھر کر تو جاتی ہے مگر واپس خالی آتی ہے جس کے باعث اضافی کرایہ وصول کرنا ان کی مجبوری ہے۔ عید کے دنوں میں کراچی سے اندرون سندھ جانے والی بس کا کرایہ 600 سے 1200 روپے، حیدرآباد کے لیے 200 سے 500 روپے اور پنجاب کے شہروں کے لیے 2500 سے 3500 اور 4000 روپے وصول کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ اس تمام معاملے میں خاموش ہے۔