Sunday, September 8, 2024

ٹرانزٹ ٹریڈ کو وسط ایشیائی ممالک تک بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں : وزیر تجارت

ٹرانزٹ ٹریڈ کو وسط ایشیائی ممالک تک بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں : وزیر تجارت
March 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کو ٹرانزٹ تجارت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاہم خطے میں علاقائی تجارت کے فروغ میں آزاد تجارتی معاہدہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاک افغان تجارت سیمینار سے خطاب میں وزیر تجارت خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ علاقائی تجارت کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات کا اولین حصہ ہے۔ افغان ٹرکوں کو کراچی اور واہگہ تک رسائی دے دی ہے جبکہ چمن اور طورخم سرحد پر افراد اور مال کی نقل و حمل رجسٹر کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاک افغان ٹرکوں کی نقل و حمل ٹی آئی آر کنونشن کے تحت ریگولیٹ کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ٹرانزٹ ٹریڈ کو وسط ایشیائی ممالک تک بڑھانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نجکاری کے وزیر محمد زبیر نے پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ادارہ قائم کرنے اور ٹرکوں کی آمد و رفت کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے کی تجویز دی۔