Sunday, May 12, 2024

ٹرائیکا پلس اجلاس، افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران اور معاشی حالات پر تشویش کا اظہار

ٹرائیکا پلس اجلاس، افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران اور معاشی حالات پر تشویش کا اظہار
November 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ٹرائیکا پلس اجلاس میں افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران اور معاشی حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہمسائیہ ملک افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیلئے امریکا، چین اور روس کے سفارت کاروں کی بیٹھک ہوئی۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا کہ افغانستان معاشی تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے۔ عالمی برادری منجمد وسائل تک رسائی اور ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ طالبان رابطوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں تمام ممالک نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو ہر سطح پر تعلیم تک رسائی پر زور دیا۔ قرار دیا کہ طالبان پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنائیں تاکہ افغانستان کی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے۔ اعلامیہ میں افغانستان میں غیر ملکی شہریوں اور اداروں کے تحفظ اور جائز حقوق کے احترام پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں شریک امریکا ، چین، پاکستان اور روس کے نمائندگان نے اپنی اس توقع کا اعادہ کیا کہ طالبان اپنے ہمسایوں، خطے کے دیگر ممالک اور باقی دنیا کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے کے اپنے عزم کو پورا کریں گے۔ طالبان پر زور دیا کہ وہ ساتھی افغانوں کے ساتھ مل کر ایک جامع اور نمائندہ حکومت کی تشکیل کے لیے اقدامات کریں جو تمام افغانوں کے حقوق کا احترام کرے اور افغان معاشرے کے تمام پہلوؤں میں خواتین اور لڑکیوں کی شرکت کے لیے مساوی حقوق فراہم کرے۔