Monday, September 16, 2024

ٹرائی روم سے کیمرے برآمد ہونے کا معاملہ ، 92نیوز نے مالک کا پتہ لگا لیا

ٹرائی روم سے کیمرے برآمد ہونے کا معاملہ ، 92نیوز نے مالک کا پتہ لگا لیا
February 10, 2018

فیصل آباد (92 نیوز ) فیصل آباد  میں لیوائز کی فرنچائز کے خواتین  ٹرائی روم میں خفیہ کیمروں کے معاملے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سستی کی انتہا کر دی، پولیس نے مقدمہ میں انتہائی نرم دفعات شامل کیں تو ضلعی افسران بھی واقعے کے دو روز بعد تک ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے، 92 نیوز نے فرنچائز کے مالک کا بھی پتہ چلا لیا۔

ڈی گراونڈ کے قریب معروف برانڈ لیوائز کی فرنچائز پر ٹرائی روم میں خفیہ کیمروں کے ذریعے خواتین کی ویڈیو بنانے والے چار ملزمان تاحال عدالت میں پیش نہ کیے جا سکے ۔  گرفتار ملزمان سے حساس اداروں اور پولیس کی تفتیش جاری ہے ، مگر کیا کہنے پولیس کے جس نے گھناونے جرم کا ارتکاب کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ میں انتہائی نرم دفعات شامل کرکے کیس کو آغاز سے ہی کمزور بنا دیا ۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی روایتی سستی بھی برقرار ہے، ڈپٹی کمشنر سمیت متعلقہ افسران نے  دو روز تک معاملے پر چپ سادھے رکھی  ہے ۔

 میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو فرضی کارروائی دکھانے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی بنا دی، مگر دوسری جانب نہ تو لیوائز اسٹور کو سیل کیا گیا اور نہ ہی پولیس تاحال فرنچائز کے مالک کو گرفتار کر سکی ہے۔

 شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔

دوسری جانب 92 نیوز نے لیوائز فرنچائز کے مالک کا بھی کھوج لگا لیا،ذرائع کے مطابق مقدمہ میں نامزد پیپلز کالونی کا رہائشی محمد منشا سیاسی شخصیات سے تعلقات کے باعث تاحال پولیس کی پہنچ سے دور ہے ۔