Thursday, May 9, 2024

ٹام اینڈ جیری 81 سال کے ہو گئے

ٹام اینڈ جیری 81 سال کے ہو گئے
February 10, 2021

نیو یارک (ویب ڈیسک ) بچوں کے پسندیدہ کارٹون کردار ٹام اینڈ جیری 81 برس کے ہوگئے ہیں، طنز ومزاح ہو یا سرد جنگ کے دوران پروپگینڈا وار، گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ٹام اینڈ جیری بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی محظوظ کرتے آئے ہیں۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران جب ہر سو مایوسی چھائی تھی  ٹام اینڈ جیری کے تخلیق کاروں کو یہ کارٹون بنانے کا خیال آیا۔  اس کا پہلا کارٹون دس فروری 1940 میں ریلیز ہوا تھا۔بِل حانا اور جو باربرا جو کہ ایم جی ایم کے اینیمیشن ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ تھے دراصل ’پورکی پِگ‘ اور ’مِکی ماؤس‘ جیسے کارٹون بنانے والے سٹوڈیو کی طرح کامیابی حاصل کرنے کے لیے تگ و دو میں مصروف تھے۔

تیس سال سے کم عمر کے اینیمیٹرز بل اور جو ایک جیسے کرداروں کے باعث اکتاہٹ کا شکار تھے اور کچھ  نیا تخلیق کرنا چاہتے تھے ، دونوں نے مل کر نئے کرداروں کے بارے میں سوچنا شروع کیا۔

تخلیق کار باربرا نے کارٹون کی کامیابی کے بعد ایک مرتبہ بتایا کہ انہیں بلی اور چوہے کے جھگڑے اور ایک دوسرے کا تعاقب کرتے کارٹون کا سادہ سا تصور پسند آیا تھا حالانکہ اس سے پہلے بھی ایسا متعدد بار ہو چکا تھا۔