Tuesday, May 7, 2024

'ٹاسک ملا عمران فاروق زندہ نہ بچے ... کارروائی چار منٹ میں مکمل کی'

'ٹاسک ملا عمران فاروق زندہ نہ بچے ... کارروائی چار منٹ میں مکمل کی'
December 31, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزم نے جے آئی ٹی کے سامنے اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کے لئے چھری لندن کی مقامی مارکیٹ سے خریدی۔ ٹاسک دیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق زندہ نہیں بچنا چاہئے‘ مرڈر مشن کی کامیابی سے متعلق لندن اور پاکستان میں اہم شخصیات کو آگاہ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم محسن علی سید نے جے آئی ٹی کے سامنے اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کے لئے چھری لندن کی مقامی مارکیٹ سے خریدی‘ انہیں اوپر سے ٹاسک ملا تھا کہ عمران فاروق زندہ نہیں بچنا چاہئے۔ ملزم محسن نے مزید انکشاف کیا کہ قتل کے لئے ڈاکٹر عمران فاروق کے گھر کے سامنے والی گلی کا انتخاب کیا جہاں سے وہ اکثر مارکیٹ جایا کرتے تھے۔ ڈاکٹر عمران فاروق جونہی گلی تک پہنچے تو اپنے ساتھی کاشف خان کامران کے ساتھ مل کر حملہ کردیا۔ کاشف نے عمران فاروق کے سرپر اینٹوں سے وار کیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئے اور اسی دوران میں نے ان کے پیٹ میں چھری سے وار کئے۔ محسن کے مطابق تمام کارروائی 4 سے 5 منٹ کے دوران کی گئی اور مشن کی کامیابی سے متعلق لندن اور پاکستان میں اہم شخصیات کو آگاہ کیا۔ جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا اعترافی بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسے رپورٹ اور ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ایف آئی اے کی ٹیم لندن جائے گی جہاں جائے وقوعہ کا معائنہ اور سکارٹ لینڈ یارڈ سے شواہد کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ واقعہ کے بعد سکاٹ لینڈ نے وارادت میں استعمال ہونے والی چھری اور اینٹ قبضے میں لی تھی۔ جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا اعترافی بیان بہت اہمیت کا حامل ہے جسے عبوری چالان کا حصہ بھی بنایا گیا ہے اور عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔