Friday, May 10, 2024

ٹاسک فورس کا سندھ میں کورونا صورتحال کے پیش نظر پابندیاں آئندہ 2 ہفتوں کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ

ٹاسک فورس کا سندھ میں کورونا صورتحال کے پیش نظر پابندیاں آئندہ 2 ہفتوں کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ
May 22, 2021

کراچی (92 نیوز) ٹاسک فورس نے سندھ میں کورونا صورتحال کے پیش نظر پابندیاں آئندہ 2 ہفتوں کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلی سندھ کی زیرصدارت سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر سب ہی نے تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد ہے۔ روزبہ روز بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے میں عائد پابندیاں مزید دو ہفتے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فیصلے کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر کے سیاحتی مراکز، سی ویو، ہاکس بے اور  تفریحی پارکس دو ہفتوں تک بند رہیں گے تاہم پارکس میں واکنگ ٹریکس کھلے رکھے جائیں گے۔ صوبے بھر میں دکانیں اور مارکیٹس شام چھ بچے بند کرنا ہونگی۔ ڈپارٹمنٹل اسٹور بھی شام چھ بجے کے بعد بند کر دیئے جائیں گے۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں شادی ہال بھی مزید دو ہفتوں کے لئے بند رہیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گیں۔ خلاف ورزی ہوئی تو سخت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں اسکول بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کہا گیا کہ صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی اسکول کھولنے کا فیصلہ ہو گا۔ وزیر تعلیم کو ہدایت کی گئی کہ اساتذہ کی ویکسی نیشن کا بندوبست کیا جائے۔