Friday, March 29, 2024

ٹارگٹ کلرعمیر صدیقی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

ٹارگٹ کلرعمیر صدیقی عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل
July 22, 2015
کراچی(92نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چوراسی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم عمیر صدیقی کوعدالتی ریمانڈ پر  5اگست تک جیل بھیج دیا ،عدالت نے دیگر مقدمات میں ملوث ملزموں کو 90روز کی نظر بندی کے تحت رینجرز کے حوالے کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم الیکشن سیل کے انچارج اور چوراسی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم عمیر صدیقی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے پولیس کی ابتدائی رپورٹ منظور کرتے ہوئے رینجرز اہلکار لانس نائیک شوکت سمیت قتل کے دو مقدمات میں ملزم کو جیل بھیج دیا ۔دوسری جانب ایک مقدمے میں عدالت نے ایم کیوایم کے کارکن یوسف میمن ،اسماعیل چنگاری اور عبدالرحمان کو 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا ۔ ملزموں پر دہشت گردوں کی معاونت ،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے ملزموں کی نشاندہی پہلے سے گرفتار ملزموں کے ذریعے ہوئی تھی۔ ادھر دہشت گردی کی دفعات کے تحت گرفتار ملزم طارق عزیز اور اقبال رشید کو بھی نوے روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا ۔ رینجرز لاآفیسر نے عدالت کو بتایا کہ سچل اخبا ر کا ایڈیٹر تاجروں اور دیگر مال دار افراد سے بھتہ وصول کرتا تھا ۔