Friday, April 19, 2024

ٹائیگر فورس سے پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے مدد لینےکافیصلہ

ٹائیگر فورس سے پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے  مدد لینےکافیصلہ
August 26, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی ،رضاکار مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کرسکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے ٹائیگر فورس ای گورننس پلان کی مستقبل کی منصوبہ بندی پر جامع پلان پیش کردیا ، وزیراعظم نے منظوری دے دی، پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کیلئے ٹائیگر فورس سے مدد لی جائے گی۔

ٹائیگر فورس کے نوجوان مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کر سکیں گے ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صحت کی سہولیات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے گا ، پناہ گاہوں, مارکیٹوں ،  تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سروسز کی فراہمی رپورٹ ہوگی۔ تھانے کچہری, لینڈ ریکارڈ, بجلی چوری اور عوامی شکایات پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔

 وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی پناگاہوں اور پرائس کنٹرول سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی پیش کردی گئی ، وزیراعظم نے عثمان ڈارکو تعلیمی ادارے کھلتے ہی ممبرشپ مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی ، کہا کہ پاکستان کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کیلئے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے، نوجوانوں کو گورننس سسٹم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے۔

اس موقع پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان ملک کی بہتری کیلئے اپنی خدمات ہیش کرنے کیلئے تیار ہیں، گورننس میں بہتری کا انقلابی منصوبہ کامیاب ہو گا۔