Thursday, April 18, 2024

ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
July 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق محمود کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا،  ملزم ملتان کی کاروباری شخصیت ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون سے گرفتار کیا۔ جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل  کیس میں اہم پیش رفت  ہوئی ہے ، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم  میاں طارق محمود  کو سول جج شائستہ خان کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ۔ ملزم میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی اور کاروباری شخصیت ہے ،  ملزم پر جج محمد ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے ملزم کو ایف سیون سے گرفتارکیا۔ دوران سماعت جج شائستہ خان نے ملزم اسے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہیں گے اس پر ملزم طارق محمود نے عدالت کوبتایا کہ اسے گرفتار کرکے تشدد کیا گیا ،ہڈیاں بھی ٹوٹ گئی ہیں۔ عدالت نے ملزم طارق محمود کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ملزم کو 19 جولائی کو میڈیکل رپورٹ کیساتھ پیش کیا جائے۔