Saturday, April 20, 2024

وینزویلا کا توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ہفتے میں 5 چھٹیوں کا اعلان

وینزویلا کا توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ہفتے میں 5 چھٹیوں کا اعلان
April 28, 2016
کراکس (ویب ڈیسک) براعظم جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا میں حکومت نے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے ہفتے میں پانچ چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وینزویلا النینو طوفان کے اثرات کے باعث خشک سالی کا شکار ہے۔ ڈیموں میں پانی انتہائی نچلی سطح پر چلے جانے سے بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔ اس صورت حال میں وینزویلا کے نائب صدر ارسٹو بولو اسٹوریز نے ٹی وی پر خطاب میں اعلان کیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں صرف دو دن کام اور پانچ دن چھٹی ہو گی۔ باقی دنوں میں انتہائی مجبوری کی صورت میں ملازموں کو بلایا جائے گا۔ ہنگامی اقدامات یہیں بس نہیں ہوئے۔ شاپنگ سنٹروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اوقات کار کم کریں اور بجلی کابندوبست بھی خود کریں۔ گھڑیاں آدھ گھنٹہ آگے کرکے سورج کو دھوکہ دینے کی کوشش بھی زیرغور ہے۔ وینزویلا کے نائب صدر نے انتہائی بے بسی سے اعلان کیا ہے کہ النینو کی صورت حال ختم ہو نے پر بارشیں ہوں گی جس سے حالات معمول پر آئیں گے۔ دوسری جانب اپوزیشن نے حکومت کو بحران کو صحیح طریقے سے حل نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وینزویلین صدر نکولس میڈورو اپریل اور مئی میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے ساتھ جمعہ کی چھٹی کا بھی اعلان کر چکے تھے۔