Saturday, April 20, 2024

وینزویلا حکومت کا اپوزیشن کے شدید احتجاج پر چھے دسمبر کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا اعلان

وینزویلا حکومت کا اپوزیشن کے شدید احتجاج پر چھے دسمبر کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا اعلان
June 23, 2015
وینزویلا (ویب ڈیسک) وینزویلا حکومت نے اپوزیشن کے مسلسل احتجاج کے بعد چھے دسمبر کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وینزویلا کی اپوزیشن مسلسل کئی ہفتے سے مطالبہ کر رہی ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تارخ مقرر کی جائے جس کیلئے گرفتار اپوزیشن لیڈر لیوپولڈو لوپیز جیل میں ایک ماہ سے بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں۔ وہ انتخابات عالمی مبصرین کی نگرانی میں کرانے کی ضمانت بھی مانگ رہے ہیں۔ اپوزیشن کے ایک دوسرے اہم رہنما ڈینئل سیلیبوس اپنے درجنوں حامیوں کے ساتھ کراکس میں بھوک ہڑتال پر ہیں۔ اپوزیشن کے اتحاد ڈیموکریٹک یونٹی راؤنڈ ٹیبل نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کرانے سے گریزاں ہیں کیونکہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انتخابات کی صورت میں صدر مدورو کی یونائٹڈ سوشلسٹ پارٹی شکست کھا جائیگی۔ الیکشن کمیشن کی سربراہ تبیسی لوسینا کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن کے الزامات انہیں بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔ لوسینا نے انتخابی عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا انتخابی مہم تیرہ نومبر سے تین دسمبر تک چلائی جائیگی جبکہ امیدواروں کی رجسٹریشن تین سے سات اگست تک ہو گی۔