Sunday, September 8, 2024

اداکارہ وینا ملک کی تین سال بعد وطن واپسی

اداکارہ وینا ملک کی تین سال بعد وطن واپسی
January 11, 2016
لاہور (92نیوز) اداکارہ وینا ملک دبئی سے پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پہنچنے کے بعد 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کیلئے باقی ملکوں میں کام کرنا چھوڑ رکھا تھا‘ فوجی کی بیٹی اور فوجی کی بہو ہوں‘ میرے اندر ملک سے محبت موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے آفر تو سبھی کو آتی ہیں۔ شادی کرنا آسان لیکن نبھانا مشکل کام ہے‘ کوئی نہیں چاہتا کہ اس کا گھر ٹوٹے۔ واضح رہے کہ اداکارہ وینا ملک تین سال بعد وطن واپس آئی ہیں۔ وینا ملک نے کیرئیر کا آغاز فلم ”تیرے پیار میں“ سے کیا جس کے بعد انھوں نے ”یہ دل آپ کا ہوا “، ”کوئی تجھ سا کہاں“، ”محبتاں سچیاں“ ”کبھی پیار نہ کرنا “، ”عشق بے پروا “ سمیت متعدد اردو پنجابی فلموں میں کام کیا۔ بھارتی پنجابی فلم ”پنڈ دی کڑی“ میں مرکزی کردار نبھایا۔ وینا نے اداکاری کے ساتھ ٹی وی پروگرام کی میزبانی بھی شروع کی اور وقتاًفوقتاً مختلف فلموں میں آئٹم سانگ بھی کیے۔ اداکارہ نے ”سپرگرل“ کے علاوہ ”دی ڈرٹی پکچرز“ کا کناڈا ری میک فلم میں بھی کام کیا۔ ان کی بالی وڈ میں آخری فلم ”ممبئی 125کلو میٹر“ 2014ءمیں ریلیز ہوئی۔ وینا نے25دسمبر 2013 ءمیں دبئی میں اسد بشیر خان خٹک کے ساتھ شادی کی۔ ایک مارننگ شو کے متنازع صورت اختیار کرنے پر وہ دبئی چلی گئی تھیں۔