Friday, April 19, 2024

ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ ، فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیدی

ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ ، فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیدی
March 8, 2020
میلبورن ( ویب ڈیسک  )  ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ   میں آسٹریلیا کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب ، بھارت کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا ، فائنل معرکے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 85 رنز سے شکست دیدی۔ 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 99 پر ڈھیر ہو گئی ۔ ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور  مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا ڈالے ۔اوپنرز نے 115 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا  جہاں وکٹ کیپر بلے باز الیسا ہیلے کیچ آؤٹ ہوئیں ، انہوں نے پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے ، وہ پلیئر آف دی میچ بھی رہیں ۔ ساتھی اوپنر بیتھ مونی نے 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہیں ،کپتان میگ لیننگ  نے 16، ایشلگ گارڈنر نے 2 اور ریچل ہائینس نے چار رنز بنائے ۔ نیکولا کیری 5 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں ۔ بھارت کی جانب سے  دیپتی شرما نے دو ، پونم یادو اور رادھا یادو نے ایک ایک وکٹ  حاصل کی ۔ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھنے والی بھارتی کڑیاں  جب بلے بازی کیلئے  میدان میں اتریں تو ابتدا میں ہی لڑ کھڑا گئیں  اور پوری ٹیم صرف 99 رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔ اوپنر شفالی شرما 2،شریمتی مندھانا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں جب کہ ٹاپ آرڈر وکٹ کیپر بلے باز تانیا بھاٹیا  صرف دو رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئیں ، جمائما  روڈ ریگس صفر  ، کپتان ہرمن پریت کور 4 رنز بنا کر ہمت ہار گئیں ۔ دیپتی شرما 33 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہیں ،ویدا کرشنا مورتی 19 ،ریچا گھوش 18 رنز بنا سکیں ۔ شیکھا پانڈے 2،رادھا یادو اور پونم یادو ایک ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں ۔ آسٹریلیا کی جانب سے میگن شکٹ نے 4 ،جیس جوناسن نے 3 اور صوفیا مولینیکس ،ڈیلیسا کمینس ،نیکولا کیری نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔