Sunday, September 8, 2024

ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی : پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے پچھاڑ دیا

ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی : پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے پچھاڑ دیا
March 25, 2016
نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)ویمن ورلڈٹی ٹوئنٹی  کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کونووکٹوں سے شکست دے دی سدرہ امین بہترین کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرارپائی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق پاکستانی لڑکیوں نے بنگلادیشی کڑیوں کوچاروں شانے چت کردیا۔ فیروزشاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ  میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا پاکستانی خواتین نے شاندارباؤلنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے بنگالی خواتین کومقررہ بیس اوورزمیں ایک سوتیرہ رنزتک محدودرکھا۔  پاکستان کی اسماویہ اقبال اور انعم امین نے دو، دو، جبکہ کپتان ثنامیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی اوپنر ناہیدہ خان دس رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد سدرہ امین اور بسمہ معروف نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر سولہ اعشاریہ تین اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر سدرہ امین ترپن اور بسمہ معروف تنتالیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں، سدرہ امین کوشاندارکارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔