Wednesday, April 24, 2024

ویسٹ انڈیز کی پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست

ویسٹ انڈیز کی پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست
August 16, 2021 ویب ڈیسک

جمیکا (92 نیوز) پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ میزبان ٹیم نے اپنے نام کر لیا، ویسٹ انڈیز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمیکا ٹیسٹ میں پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے آسان کیچز ڈراپ کرنا ٹیم کو مہنگا پڑگیا، کیمار روچ پاکستانی باؤلرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلا ٹیسٹ 1 وکٹ سے جیت لیا۔

میچ کے چوتھے روز پاکستان نے پانچ وکٹوں پر 160رنز سے دوسری اننگز کو آگے بڑھایا تو پوری ٹیم 203 رنز بنا کر آ ؤٹ ہو گئی، بابر اعظم 55 اور عابد علی 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیڈن سیلز نے پانچ پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا، 16 رنز کے مجموعی اسکور پر اسکی تین وکٹیں گرگئیں۔

روسٹن چیز اور کائل مائرز کے درمیان 68رنز کی پارٹنرشپ نے ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مضبوط بنادی۔ دونوں کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔ 111 رنز کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ گری، جرمین بلیک ووڈ 55رنز بناپائے،عمران بٹ نے سلپ میں انکا شاندار کیچ پکڑا۔

117 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے جوشوا ڈی سلوا کا آسان کیچ ڈراپ کیا تو میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلنا شروع ہوگیا۔ جوشوا ڈی سلوا نے 13 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 142 رنز تک پہنچا دیا۔

149 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے کیمارروچ کا کیچ ڈراپ کیا، روچ نے ناقابل شکست 30 رنز کی اننگز کھیلی، میزبان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے چار اور حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈیز کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔