Sunday, September 8, 2024

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کرلی

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کرلی
August 29, 2017

لندن (92 نیوز) ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر لیڈز ٹیسٹ میں تاریخی فتح حاصل کر لی ۔ شائی ہوپ نے دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کر کے ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلش ٹیم گھر میں ہی ڈھیر ہوگئی ۔ ویسٹ انڈیز نے لیڈز کا میدان مار لیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔  

میچ کے آخری روز ویسٹ انڈین ٹیم میدان میں اتری تو اسے جیت کیلئے تین سو سترہ رنز جب کہ انگلینڈ کو دس وکٹیں درکار تھیں۔ لیکن ویسٹ انڈین بلے باز انگلش باؤلرز کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹ گئے۔ اینڈرسن،براڈ اور معین علی کوئی جادو نہ جگا سکے۔

کریگ بریتھ ویٹ پچانوے رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو شائی ہوپ ویسٹ انڈیز کی امید بن کر ابھرے اور شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو فتح سے سے ہمکنار کیا۔ ہوپ نے دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کیں اور مرد میدان قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز نے سترہ سال بعد انگلش سرزمین پر ٹیسٹ  فتح حاصل کی ۔ ہولڈر الیون کی فتح کےساتھ تین میچوں کی سیرز ایک ایک سے برابر ہوگئی ۔ پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فیصلہ کن ٹیسٹ  سات ستمبر سے لارڈز میں  کھیلا جائےگا۔