Thursday, April 25, 2024

ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو23رنز سےہرا دیا، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو23رنز سےہرا دیا، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
July 4, 2019
لیڈز (92 نیوز) افغانستان اور ویسٹ انڈیز کا حسرت بھرا ورلڈکپ سفر اختتام پذیرہو گیا، افغان ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی جبکہ ویسٹ انڈیز بھی  سیمی فائنل کھیلنے کی حسرت دل میـں لیے خالی ہاتھ گھر لوٹ گیا۔ افغانستان ٹیم اپنے آخری گروپ میں بھی ناکام رہی اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 23رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 311رنز بنائے جس میں شائی ہوپ کی 77، نکولس پوران اور ایون لیوس کی اٹھاون اٹھاون رنز کی اننگز شامل تھی، جیسن ہولڈر نے  45 اور ہٹمیار نے39رنز بنائے۔ اپنا آخری ورلڈ کپ میچ کھیلنے والے کرس گیل محض سات رنز بناکر چلتے بنے۔ 312رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے آخری اوور تک خوب مقابلہ کیا تاہم 288رنز پر اسکی ہمت جواب دے گئی اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ کارلوس بریتھویٹ نے چار اور کیمرون روچ نے تین افغان کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کےاکرام علی خیل 86، رحمت شاہ 62، اصغرافغان 40 رنز بناکرنمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ مین آف دی میچ قرار پائے، افغان ٹیم 9میں سے ایک بھی گروپ میچ نہ جیت سکی جبکہ ویسٹ انڈیز نے 9میں سے دو میچ جیتے،کیرئیر کا آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے کرس گیل کوشاندار انداز میں گراؤنڈ سے رخصت کیا گیا۔