Wednesday, May 8, 2024

ویزا فیس میں کمی کا مطالبہ تسلیم، شاہ محمود ،تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، سعودی ہم منصب

ویزا فیس میں کمی کا مطالبہ تسلیم، شاہ محمود ،تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، سعودی ہم منصب
March 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جہاں  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ویزا فیس میں کمی کا دیرینہ مطالبہ مان لیا گیا ۔ سعودی ہم منصب نے کہا کہ  پاکستان کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں ۔ وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد  کا 15 سال بعد دورہ اہم ہے ، ہم سعودی عرب کیساتھ تمام ایم او یوز کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیدیوں کی رہائی اور  پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سعودیہ نے وعدہ کیا ہے ، سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے کیلئے 10 ورکنگ گروپس قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک  سعودیہ 10 ورکنگ گروپس ہر 3 ماہ بعد جبکہ سٹیرنگ کمیٹیاں ہر 6 ماہ بعد ملاقات کریں گے ، پاکستان میں پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جو کونسلز بنی ہیں انہیں ٹائم لائن دی گئی ہیں، ٹائم لائنز پر صرف باتیں نہیں بلکہ  کام ہوگا۔ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کو خطے میں کئی چیلنجز درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی تعلقات کو نئی جہتوں پر لے جا رہے ہیں، گوادر میں پیٹروکیمیکل کمپلکس، آئل ریفائنری تعمیر کر رہے ہیں جبکہ توانائی کے لاتعداد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی، معاشی اور سرمایہ کاری پر ابھی آغاز ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم سمیت بین الاقوامی سطح پر ہمارا موقف یکساں ہے۔