Wednesday, April 24, 2024

ویتنام واحد ملک جہاں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

ویتنام واحد ملک جہاں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی
April 26, 2020
ہنوئی (92 نیوز) ویتنام دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اب تک کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، پورے ملک میں کورونا وائرس کے صرف دو سو ستر کیسز ہیں۔ مہلک کورونا وائرس نے پوری دنیا بالخصوص امریکا اور یورپی ممالک میں تباہی مچارکھی ہے ۔۔لیکن ایک ملک ایسا بھی ہے جو کورونا سے سب سے کم متاثر ہوا، یہ ملک ویتنام ہے جوکہ چین سے متصل ہے جہاں سے یہ وباء شروع ہوئی تھی۔ ویتنام کی آبادی بھی تقریباً نو کروڑ سے زیادہ ہے۔تئیس اپریل تک ویتنام میں کورونا وائرس کے صرف دو سو ستر کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم حیران کن طور پر ابھی تک اس وائرس سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ جب وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا تو ویتنام نے بروقت اور غیر معمولی اقدامات کیے۔ چین کے ساتھ سرحد کو مکمل طور پر بند کردیا۔ ایئرپورٹس  پر دوسرے ممالک سے آنے والے ہر شہری کی تھرمل اسکریننگ کی گئی۔ مشتبہ افراد کو 14 روز کیلئے ہوٹلوں میں قرنطینہ کیا گیا جس کا بل حکومت نے خود ادا کیا۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو تنہائی میں رکھنے کے بعد ان لوگوں کے رابطے میں آنے والے لوگوں کا پتہ چلایا گیا  اور ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ کم لاگت کی ٹیسٹنگ کٹس تیار کی گئیں۔ صرف یہی نہیں ویتنام کی حکومت نے کورونا سے لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے ملک گیر مہم چلائی۔ ان سخت اقدامات کا نتیجہ یہ نکلا کہ ویتنام کورونا سے بہت کم متاثر ہوا، آج ویتنام میں زیادہ تر پابندیاں ختم کی جارہی ہیں ، اسکولوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت مل گئی ہے۔