Friday, April 19, 2024

ویتنام میں سیلابی ریلوں سے 9افراد ہلاک، بھارت اور چین میں بھی موسلادھار بارشیں

ویتنام میں سیلابی ریلوں سے 9افراد ہلاک، بھارت اور چین میں بھی موسلادھار بارشیں
June 25, 2018
ویتنام ( 92 نیوز ) ویتنام میں سیلابی ریلوں اور لینڈسلائیڈنگ نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 9 افراد  لقمہ اجل بن گئے۔  دوسری جانب چین اور بھارت میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ویتنام کے شمالی پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی ، سیلابی ریلوں اور لینڈسلائیڈنگ نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا ہے ۔ مختلف حادثات میں 9 افراد ہلاک، 5 زخمی جبکہ 12 لاپتہ ہوچکے ہیں ، سیلابی ریلوں کے باعث سیکڑوں مکانات مسمار ، سڑکیں اور کھڑی فصلیں  تباہ ہوگئیں ۔ دوسری جانب چین کے جنوب مغربی صوبہ یونان میں بھی طوفانی بارشوں نے خوفناک صورتحال اختیار کرلی ہے ، سیلاب کے باعث درجنوں عمارتیں اور کئی ایکٹر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ۔ چین کے شمالی علاقہ منگولیا گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں آچکا ہے جہاں زرد ریت اور مٹی کی بلند و بالا دیوار نے ہر شے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں مون سون کی بارشوں نے نظام زندگی منجمد کرڈالا ، نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں ۔ بھارت میں  تیز ہواؤں کے باعث ایک درخت گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں ، محکمہ موسمیات نے بھارت میں بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔