Friday, March 29, 2024

وہاڑی: خواجہ سراؤں کے وفد کا رمضان بازار کا دورہ

وہاڑی: خواجہ سراؤں کے وفد کا رمضان بازار کا دورہ
June 28, 2015
وہاڑی(92نیوز)پنجاب بھر میں وہاڑی کے رمضان بازار کا منفرد وزٹ ، خواجہ سراؤں کا وفد وزیر اعلیٰ پنجا ب کے رمضان پیکج کے تحت قائم سستا رمضان بازار میں قیمتیں چیک کرنے پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سراؤں کے ضلعی صدر ببلی اور جنرل سیکرٹری چاندنی کی قیادت میں 9رُکنی وفد رمضان بازار پہنچا تو موقع پر موجود انجمن تاجران کے نما ئندوں اور سرکاری اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا ،خواجہ سراؤں نے سستا رمضان بازار اور عام بازار میں قیمتوں کا فرق جان کرحیرت کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوام کودئے گئے ریلیف کو سراہا۔ وفد نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور مختلف اشیاء کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ اوزان کو بھی چیک کیا، وفد نے رمضان بازار میں مو جو د اشیاء کے معیار کو بھی بہترین قراردیا لیکن آٹے میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث اس کو غیر معیاری قرار دے دیا اس موقع پر خواجہ سراؤں کے صدر ببلی نے کہا کہ اگررمضان بازار کو سرکاری افسران اور وزراء چیک کرسکتے ہیں توہمیں بھی یہ حق حاصل ہے اور رمضان بازار میں آکر ہمیں محسوس ہوا کہ مہنگائی کے اس دور میں وزیر اعلیٰ کا سستا رمضان بازار فرضی کارروائی نہیں ہے بلکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کررہا ہے اور با زار میں تما م اشیاء کی فراہمی اور انتظامات کے حوالہ سے مقامی تا جران اور تمام سرکاری ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں ۔