Wednesday, April 24, 2024

وہ وقت گزر گیا جب عدالتیں دباؤ میں کام کرتی تھیں، چیف جسٹس ثاقب نثار

وہ وقت گزر گیا جب عدالتیں دباؤ میں کام کرتی تھیں، چیف جسٹس ثاقب نثار
November 21, 2018
لندن (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ وہ وقت گزر گیا جب عدالتیں دباؤ میں کام کرتی تھیں، پاکستان میں نظام عدل یکساں اور مساوی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچے تو معروف بزنس مین انیل مسرت اور قائم مقام ہائی کمشنر محمد ایوب نے پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ شاید کسی زمانے پر عدلیہ پر دباؤ ہوگا مگر اب اس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا، عدالتیں آزادانہ طور پر کام کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فیملی کیسز رینٹ کیسز اور فوجداری مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی کورٹ بنائے ہیں جن میں قتل جیسے مقدمات کو بھی ایک مہینے میں مکمل کیا جائیگا۔ ضلعی سطح پر بھی ماڈل عدالتیں بنائی ہیں بہت جلد نظام عدل کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا پاکستان میں نظام عدل یکساں اور مساوی بنیادوں پر کام کررہا ہے۔۔ کچھ حلقے اگر منفی سوچ رہے ہیں تو یہ انکے سوچنے کا اپنا انداز ہے۔ اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی گریجویشن کیلئے آئے ہیں مگر چاہنے والوں نے فنڈ ریزنگ کے پروگراموں میں مدعو کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیم بنانا ایک مکمل مہم بن چکی ہے اور انشا اللہ اب ڈیم بن کے رہے گا۔