Friday, April 19, 2024

وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان سے الحاق کرے گا، سردار مسعود، فاروق حیدر

وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان سے الحاق کرے گا، سردار مسعود، فاروق حیدر
July 19, 2020
مظفرآباد (92 نیوز) دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں، آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے خصوصی پیغامات بھیجے ہیں جن میں انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان سے الحاق کرے گا۔ 19 جولائی انیس سو سنتالیس کوجموں و کشمیر کے حقیقی نمائندوں نے وہ تاریخی قرار داد منظور کی جس کی پیروی میں کشمیری قوم ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹی، قرار داد میں پاکستان کے قیام سے قبل کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے اس دن کی مناسبت سے خصوصی پیغام دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان سے الحاق کرے گا۔ انہوں نے  سری نگر میں کشمیری رہنما سردار ابراہیم کے گھر جمع ہونے والے 60 کشمیری رہنماؤں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے الحاق پاکستان کی قرارداد پر روشنی ڈالی ان کا کہنا تھا کہ اسی قرارداد کی روشنی میں باقاعدہ تحریک آزادی کشمیر کا آغاز ہوا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 19 جولائی کو پاس ہونے والی قرارداد کو نوجوان نسل کو پڑھنے کی ضرورت ہے کہ اس میں کیا لکھا تھا۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا اس خطے میں کبھی امن نہیں ہوسکتا۔