Friday, March 29, 2024

اپوزیشن کا نگران حکومت اور الیکشن کرانے کا مطالبہ

اپوزیشن کا نگران حکومت اور الیکشن کرانے کا مطالبہ
January 4, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ موسم بدل رہا ہے، وکیل بدل چکے ہیں، لگتا ہے رت بھی بدلنے والی ہے۔ شیخ رشید بولے موجودہ حکومت اپنا معیار اور وقار کھو چکی ہے۔ حکومت اے پی سی بلا کر نگران حکومت کا اعلان کرے اور الیکشن کرائے۔ انہوں نے کہا اللہ کی رحمت شروع ہو گئی ہے۔  چور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ سپریم کورٹ عوام کی امنگوں کی آخری نشانی ہے۔ عدلیہ پر مکمل امید ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا مزید ثبوت ملنے سے ہمارا کیس مضبوط ہو گیا ہے۔ وکیل بدلنا ن لیگ کے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے کے مترادف ہے۔ وکیل بدلنے سے بهی ن لیگ کے پاس نئے کاغذات نہیں آجائیں گے۔ انہوں نے کہا ہمارا کیس پہلے سے مضبوط تھا اب اور مضبوط ہو گیا ہے۔  اب جوکاغذات جمع کرائے ہیں ساری کڑیاں ملا دی ہیں۔