Thursday, April 18, 2024

وکی لیکس کے ہوش ربا انکشافات کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

وکی لیکس کے ہوش ربا انکشافات کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری
March 10, 2017
لندن (ویب ڈیسک)امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی ہیکنگ کا پول کھولنے والے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کا کہنا ہے کہ سی آئی اے اپنے سائبر ہتھیاروں پر سے کنٹرول کچھ عرصہ قبل کھو چکی ہے۔لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی آئی اے کے اسکینڈل کی یہ بہت چھوٹی قسط ہے ابھی بہت کچھ منظر عام پر آناباقی ہے۔ تفصیلات کےمطابق وکی لیکس کے ہوش ربا انکشافات کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے دنیا میں یہ بحث اب زور پکڑ گئی ہے کہ۔سی آئی اے کے حوالے سے یہ حساس ترین معلومات منظر عام پر کیسے آئیں۔ ایک طرف امریکی خفیہ ادارے ٹرمپ اور روس کے تعلقات اور انتخابات میں روسی مداخلت پر تفتیش کررہے ہیں تو دوسری جانب اب وکی لیکس نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ وکی لیکس کے انکشافات کے بعد اس کے بانی جولین اسانج پہلی بار منظر عام پر آئے اور لندن میں پریس کانفرنس کے دوران سی آئی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ سی آئی اے نے ہیکنگ سےحاصل ہونے والے رازاور معلومات  ایک ہی جگہ پر رکھ کر بدترین نااہلی کا ثبوت دیا۔ جولین اسانج کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی تنظیم سی آئی اے کے ہیکنگ ٹولز کے خلاف ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مدد کرنے کو تیار ہے تاکہ آئندہ سے سی آئی اے ان کی مصنوعات کو جاسوسی کے لئے استعمال نہ کرسکے۔ انہوں نے اس سکینڈل کی دوسری قسط کے حوالے سے کہاکہ جیسے ہی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی خامیاں دور کرلیں گی وہ سی آئی اے کے ہیکنگ ٹولز کی پوری تفصیلات عوام کے سامنے پیش کردیں گے۔