Thursday, September 19, 2024

وکی لیکس کے بعد پی سی بی لیکس کی دھوم، وقار یونس کے بعد منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ بھی منظرعام پر

وکی لیکس کے بعد پی سی بی لیکس کی دھوم، وقار یونس کے بعد منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ بھی منظرعام پر
April 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وکی لیکس کے بعد پی سی بی لیکس نے دھوم مچا دی۔ مفادپرست عناصر نے پہلے ہیڈ کوچ وقار یونس کی رپورٹ لیک کی اور اب منیجر انتخاب عالم کی بھی چپکے سے جمع کرائی گئی رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہونےسے پہلے بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن دونوں نے ان سے بات کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ وقار یونس کو جہاں ان کی بے مروتی کا رنج تھا وہیں وہ رپورٹ لیک ہونے پر بھی کافی برہم نظرآئے۔ ان کے بقول وہ رپورٹ شہریار خان کو ان کے گھر میں دے کرآئے، پھر وہ لیکس کیسے ہو گئیں۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کی رپورٹ لیک ہونے کی خبر ابھی بریکنگ نیوز ہی تھی کہ کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں نے مبینہ طور پر منیجر انتخاب عالم کی رپورٹ بھی لیک کروا دی۔ وہ بھی برہم ہیں کہ چپکے سے چیئرمین پی سی بی کو دی گئی رپورٹ منظرعام پر کیسے آگئی۔ دونوں رپورٹس لیک ہونے کے بعد شائقین کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایک صاحب نے استعفے کا اعلان کر دیا تو دوسرے ان کو منانے پہنچ گئے۔ اور پھر کیا کہنے ان صاحب کی منانے کی صلاحیت کے استعفیٰ دینے والے مان گئے۔ کرکٹ مبصرین کی رائے ہے کہ ایسا صرف ٹیم کی شکست سے توجہ ہٹانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک منظرعام پر آنے والی رپورٹس کے مطابق سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ اورکپتان ہی شکست کے ذمہ دار ہیں۔ ہاتھ کہیں شریفوں کے گریبانوں تک نہ پہنچ جائے، اس لئے پی سی بی لیکس کا شوشہ چھوڑا گیا ہے۔