Saturday, May 11, 2024

پی آئی سی میں وکلاء گردی،صحافیوں پر بھی تشدد، اسپتال میدان جنگ بن گیا

پی آئی سی میں وکلاء گردی،صحافیوں پر بھی تشدد، اسپتال میدان جنگ بن گیا
December 11, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وکلاء اور ڈاکٹروں  کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ،  وکلاء نے  پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی  پر دھاوا بول دیا ، پولیس کی بھاری نفری  کو دھکیلتے ہوئے  پی آئی سی میں داخل ہو گئے اور غنڈہ گردی شروع کردی ، کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ، خواتین صحافیوں سے  بھی بد تمیزی کی گئی ۔ وکلاء گردی کے باعث جیل روڈ پر ٹریفک جام ہو گئی ،  جبکہ پی آئی سی میں توڑ پھوڑ کے باعث  ڈاکٹروں ، مریضوں اور لواحقین کو شدید  مشکلات پیش آئیں ،خوف و ہراس کے باعث ڈاکٹر کام چھوڑ کر چلے گئے ۔ہنگامہ آرائی کے دوران طبی امداد نہ ملنے کے باعث 70 سالہ گلشن بی بی  دم توڑ گئیں۔ مشتعل وکلاء کی جانب سے ہوائی فائرنگ  کی گئی اور ایک پولیس کی ایک گاڑی بھی جلا دی ،رینجرز نے پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا ، پولیس نے کئی وکلاء کو حراست میں لے لیا۔ پی ایف یو جے کی جانب سے  صحافیوں پر تشدد کرنے کی مذمت کی گئی ، صدر پی ایف یو جے  جی ایم جمالی نے کہا کہ  وکلاء نے تشدد کر کے کوئی تہذیب کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ صدر پی ایف یو جے رانا عظیم نے  کہا کہ  وکلاء کا اقدام انتہائی قابل مذمت  ہے ۔