Thursday, April 25, 2024

وکلا کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ، علاج نہ ہونے پر تین مریض دم توڑ گئے

وکلا کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ، علاج نہ ہونے پر تین مریض دم توڑ گئے
December 11, 2019
 لاہور (92 نیوز) وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کیا تو علاج معالجہ رک گیا، جانیں بچانے کیلئے عملہ بھی چھپ گیا۔ علاج نہ ہونے پر تین مریض دم توڑ گئے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے سے مریضوں کے دل لرز کر رہ گئے۔ دل کے اسپتال پر اچانک حملے سے جہاں ڈاکٹر خوفزہ ہوئے وہیں مریض بھی دہل گئے۔ حملے کے بعد ڈاکٹروں نے جانیں بچانے کیلئے مریضوں کا طبی معائنہ چھوڑ دیا۔ مریضوں اور لواحقین کو بھی جان بچا کر بھاگنا پڑا۔ مریض کے ساتھ آنے والے شخص نے بتایا کہ وکیلوں نے اس کے عزیز کی آکسیجن اتار دی ہے۔ ایک مریض ماں نے بھی رو رو کر وکیلوں کی غنڈہ گردی کی داستان بیان کی۔ بپھرے وکیلوں کے ڈر سے ایک کمرے میں پناہ لینے والی خاتون  ہاتھ جوڑ جوڑ کر دہائیاں دیتی رہی۔ وکلا کے ڈر اور ڈاکٹروں کی بے رخی کا شکار سہمے ہوئے مریض اور ان کے لواحقین اسپتال اور اسپتال کے باہر مارے مارے پھرتے رہے ۔