Saturday, April 20, 2024

وکلا کا ساتھیوں کی گرفتاریوں کیخلاف آج پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان

وکلا کا ساتھیوں کی گرفتاریوں کیخلاف آج پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان
December 11, 2019
 لاہور (92 نیوز) وکلا نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی حملے پر ساتھیوں کی گرفتاریوں کیخلاف آج پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا پیش نہیں ہوں گے۔ وکلا نے ہڑتال کا اعلان جی پی او چوک میں احتجاج کے دوران کیا۔ مال روڈ پر احتجاج کے دوران بھی وکلا نے صحافیوں اور شہریوں پر تشدد کیا۔ فوٹیج بنانے والے صحافیوں سے موبائل فون بھی چھین لیے۔ کالے کوٹ والوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا تھا ۔ وارڈز کے شیشے، سامان اور باہر کھڑی گاڑیوں سمیت جو نظر آیا توڑ ڈالاتھا ۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی تھی۔ پولیس کی جانب سے واٹر کینن بھی سروسز اسپتال کے باہر پہنچائی گئی تھی ۔ ہنگامہ آرائی روکنے کے لئے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا تھا ۔ وکلا کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اسپتال کے ڈاکٹرز نے بھی کام چھوڑ دیا جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلا پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی ۔ آنسو گیس کے استعمال مریض بھی وارڈ سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے تھے ۔