Tuesday, May 7, 2024

ووٹر کو مجبور کرنا ، انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونا غیر قانونی ہو گا ، الیکشن کمیشن

ووٹر کو مجبور کرنا ، انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونا غیر قانونی ہو گا ، الیکشن کمیشن
July 16, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کے جرائم اور سزا کا تعین کر لیا جس کے مطابق ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونا غیر قانونی ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی ردوبدل جرم ہو گا اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنا بھی جرم ہو گا۔ اس کے علاوہ بیلٹ پیپر اٹھانا، دوسرا بیلٹ پیپر ڈالنا، بیلٹ باکس کی سیل توڑنا، مہر کیساتھ جعلسازی بھی جرم ہو گا، جس پر انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکیں گی۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر سے متعلق کسی کو اطلاع دینا بھی غیر قانونی ہو گا،جس پر انتخابی عملے کو 2 سال قید،ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ووٹوں کی گنتی کے وقت امیدوار یا ان کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے ۔