Sunday, May 19, 2024

"ووٹ کو عزت دو" کی باتیں کرنے والے آج ڈیل کی تلاش میں ہیں، حسان خاور

"ووٹ کو عزت دو" کی باتیں کرنے والے آج ڈیل کی تلاش میں ہیں، حسان خاور
December 26, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے "ووٹ کو عزت دو" کی باتیں کرنے والے آج ڈیل کی تلاش میں ہیں۔

حسان خاور نے کہا نواز شریف کا ویزا ختم ہونے والا ہے۔ وطن واپس تو آنا ہی پڑے گا۔ واپسی کے دعوے کرنے والے صرف اپنی سیاست بچانے کے چکروں میں ہیں۔ نواز شریف کو ملک واپسی پر قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جو راستہ قانون نے نواز شریف کے لیے طے کیا ہے وہی اپنایا جائے گا۔ نواز شریف کو قانون کے مطابق سزائیں ہوئی ہیں۔ رانا شمیم کے بیان حلفی سائن کرنے کی حقیقت بھی کھل کر سامنے آ گئی۔

حسان خاور بولے شریف خاندان اپنے نوکروں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کا جواب تک دینے کے روادار نہیں۔ مسلم لیگ ن کا بیانیہ ووٹ سے نوٹ کو عزت دو میں بدل گیا ہے۔ آج پہلی دفعہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ یہ بات ن لیگ کو نہیں بھا رہی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں۔ میثاق جمہوریت اقتدار کی بندر بانٹ اور این آر او ہے تو ہم اس سے دور ہیں۔ جمہوریت سے وابستگی پی ٹی آئی سے زیادہ کسی کو نہیں۔ پی ٹی آئی میں نہ موروثی سیاست، نہ کچن کیبنٹ ہے۔ پی ٹی آئی کے پی کے میں دوسرے مرحلے اور پنجاب کے انتخابات کے لیے تیاری کر رہی ہے۔