Friday, April 26, 2024

ووٹ بیچنے کے الزام کا سامنا کرنیوالے ارکان پی ٹی آئی کا پارٹی پر پیسے لینے کا الزام

ووٹ بیچنے کے الزام کا سامنا کرنیوالے ارکان پی ٹی آئی کا پارٹی پر پیسے لینے کا الزام
April 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کا الزام عائد ہونے والے پی ٹی آئی ارکان نے  پارٹی پر ہی پیسے لینے کا الزام لگا دیا ۔ سینیٹ میں ووٹ فروخت کرنے کے الزامات  پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے جوابی وار  کر دیا ، کسی نے مستعفیٰ ہونے  کا کیا اعلان تو کسی نے عدالت جانے کا  ،گویا کہ نیا پنڈورا باکس ہی کھل گیا ۔ یاسین خلیل   تو اتنا برا مان گئے کہ  سینیٹ الیکشن میں پارٹی پر ہی پیسے لینے کا الزام دھر دیا ، مردان کے زاہد درانی نے پارٹی کے الزامات کو  یکسر مسترد کیا اور کہا کہ   عمران خان کے الزامات سے  ہماری بے عزتی ہوئی  ،پی ٹی آئی نے اپنوں کی بجائے غیروں کو سینیٹ کا ٹکٹ تھمایا۔ مردان سے ہی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عبیداللہ مایار نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا الزامات پہلے لگائے گئے کمیٹی بعد میں بنی ۔ دوسری طرف خاتون بی بی نے  جہاں قرآن پر حلف دیا وہیں اپنے پر لگائے جانے والے الزامات کے خلاف عدالت جانے کا اعلان  بھی کیا۔ جب بات بابر سلیم تک آئی تو مکمل تبدیل ہو گئی کہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کے ممبر ہی نہیں تو شو کاز نوٹس کیسا۔ اپنی  ہی پارٹی قیادت کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ فروخت کرنے کا الزام لگائے جانے پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے تاہم حقیقت کیا ہے اس کا فیصلہ تو وقت ہی کرے گا۔