Tuesday, May 21, 2024

ون ڈے اور ٹی 20 کے گروپ میچز ٹائی ہونے پر  میچ ٹائی ہی تصور ہوگا

ون ڈے اور ٹی 20 کے گروپ میچز ٹائی ہونے پر  میچ ٹائی ہی تصور ہوگا
December 25, 2019
دبئی ( 92 نیوز) ون ڈے اور ٹی 20 کے گروپ میچز ٹائی ہونے پر  میچ ٹائی ہی تصور ہوگا ۔ سال 2019 میں کرکٹ کا بانی انگلینڈ پہلی بار ورلڈچیمپئن بنا ، فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست ہوئی ، انگلینڈ کی جیت نے دنیائے کرکٹ میں ایسے ہنگامے کو جنم دیا کہ آئی سی سی کو اپنے قوانین بدلنا پڑگئے۔ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کو سال کےیادگار لمحات میں شامل نہ کرنا شائقین کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر پہلی بار کرکٹ کا تاجدار تو بن گیا تاہم اسکی فتح داغداررہی ۔ لارڈز  میں  کھیلے گئے ورلڈکپ 2019کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں241رنز بنائے،جواب میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس شاندار بلے بازی کے باوجود اپنی ٹیم کیلئے وننگ اسٹروک نہ کھیل سکے ۔ آخری اوور میں میچ  کی برابری کا باعث بننے والی اوور تھرو  پر امپائر کمار دھرما سینا کا 6رنز دینا بھی شدید تنقید کی زد میں رہا ،بعد میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی لیکن تب بہت دیر ہوچکی تھی ۔ سپر اوور میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتےہوئے15رنز بنائے، اب کی بار نیوزی لینڈ  نے15اسکور بناکر میچ برابر کردیا لیکن سپر اوور میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر انگلینڈ  کو فاتح قرار دیا گیا۔ سپر اوور  قانون پر شدید تنقید ہوئی تو آئی سی سی نے اکتوبر میں اس قانون کو تبدیل کردیا ۔ نئے قانون کے تحت  ون ڈے اور ٹی20 مقابلوں  کی گروپ اسٹیج میں سپر اوور ٹائی ہونے کی صورت میں میچ ٹائی ہی  تصور ہوگا۔سیمی فائنل اور فائنل میں سپر اوور ٹائی ہونے کی صورت میں پھرسپر اوور ہوگا۔ میچ کا فیصلہ  زیادہ باؤنڈریز کی بجائے  زیادہ رنز کی بنیاد پر ہوگا ۔اس وقت تک سپر اوور ہوتے رہیں گے جب تک ایک ٹیم زیادہ اسکور نہیں کرلیتی۔