Thursday, April 25, 2024

ومبلڈن چیمپئن شپ : جاکووچ اپنے اعزاز کے دفاع میں کامیاب

ومبلڈن چیمپئن شپ : جاکووچ اپنے اعزاز کے دفاع میں کامیاب
July 12, 2015
انگلینڈ(92نیوز)دفاعی  چیمپئن نوواک جاکووچ نے ومبلڈن ٹینس چیمپئن  شپ کا ٹائٹل ایک بار پھر  اپنے  نام کر لیا،  عالمی نمبر ون نے مینز سنگلز کے فائنل میں سخت مقابلے کے بعد سترہ گرینڈ سلامز کے فاتح راجر فیڈرر کو شکست  دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹینس سیزن کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن چیمپئن شپ کا فائنل سرب اسٹار  نوواک جاکووچ اور سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر کے درمیان  ہوا۔ پہلے سیٹ کے آغاز پر فیڈرر کھیل پر حاوی نظر آئے تاہم تیرہ گیمز پر مشتمل سیٹ کا اختتام جاکووچ کی سات چھے سے جیت کے ساتھ ہوا۔ دوسرا سیٹ سات چھے سے فیڈرر کے نام رہا۔تیسرے سیٹ میں فیڈرر نسبتا تھکے ہوئے نظر آئے اور جاکووچ نے یہ سیٹ چھے چار  سے جیت لیا۔ چوتھے سیٹ میں عالمی نمبر ایک نے ورلڈ نمبر ٹو کو بہ آسانی چھے تین سے زیر کر کےٹائٹل اپنے نام کر لیا،، جاکووچ کا یہ  کیرئیر کا تیسرا ومبلڈن جبکہ بارہواں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے۔ جاکووچ کامیابی سے اس قدر خوش تھے کہ انہوں نے میچ جیتنے کے بعد کورٹ میں سے گھاس اکھاڑ کر بھی کھائی۔