Wednesday, May 1, 2024

ولادیمیر پیوٹن نے دو عشروں کے دوران چوتھی بار صدارت کا حلف اٹھالیا

ولادیمیر پیوٹن نے دو عشروں کے دوران چوتھی بار صدارت کا حلف اٹھالیا
May 7, 2018
ماسکو ( 92 نیوز) ولادی میر پیوٹن نے دو عشروں کے دوران چوتھی بار روسی صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،پیوٹن 2024 تک برسر اقتدار رہیں گے ،روسی صدر نے دستور کے سنہری نسخے پر ہاتھ رکھ کر شہریوں کی خدمت ، حقوق ،آزادیوں اورروسی خود مختاری کے تحفظ کا وعدہ کیا۔ چوتھی بار صدارت کا حلف لینے  کے بعد ولادی میر پوٹن سوویت یونین کی تاریخ میں طویل عرصہ تک منصبِ صدارت پر فائز رہنے والے دوسرے لیڈر بن گئے ہیں، 65 سالہ ولادی میر پیوٹن 1999 سے وزیراعظم اور صدر کی حیثیت سے روس کی سربراہی کررہے ہیں۔ ولادی میر پیوٹن صدارتی محل میں سرخ قالین پر باوقار انداز میں  مرکزی دروازے پر کھڑی  لیموزین میں سوار ہو ئے اور عظیم الشان کریملن محل  آئے اور آندر ویسکی ہال میں حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد روسی صدر نے کہا کہ آئندہ 6 سالہ صدارت  میں زندگی کا مقصد اور ذمہ داری روس کےامن اور خوشحال مستقبل کویقینی بنانا ہے ،پیوٹن نے عالمی امن و سلامتی اور استحکام کیلئے جاندارکردار کا عزم بھی دہرایا ۔ ولادی میرپیوٹن نے روسی معاشرے کو درپیش چیلنجوں اور مسائل کا تذکرہ کرکے آگے بڑھنے کا عزم کیا  ، انہوں نے  عالمی امن و استحکام کیلئے عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور بھی دیا۔