Friday, April 26, 2024

وقت آئیگا جب پاکستان میں تیل کی نہریں بھی بہیں گی، وزیر اعظم

وقت آئیگا جب پاکستان میں تیل کی نہریں بھی بہیں گی، وزیر اعظم
January 3, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) وقت آئے گا جب پاکستان میں تیل کی نہریں بھی بہیں گی، وزیر اعظم نے نوید سنادی، چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے، سیاحت اور زراعت کو فروغ دینے کا بھی اعلان کردیا۔ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صنعت کاری کے بغیر لوگوں کو روزگار نہیں مل سکتا، ایوان میں انگریزی میں تقریریں کرنے والے سیاستدانوں پر تنقید کے نشتر بھی چلاتے رہے، بیورو کریٹس کو نیب کے خوف سے آزاد کر دیا، اب کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور طبقے کی فلاح کی ذمہ دار ہے، دنیا کی تاریخ کی سب سے پہلی فلاحی ریاست ریاست مدینہ تھی، سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ماضی میں ہماری پالیسیوں نے پاکستان کو غلط راستے پر لگا دیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز کا مقصد ہے، اسپیشل اکنامک زونز پاکستان کے وژن کی طرف بڑا قدم ہے، اسپیشل اکنامک زون پر پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا وژن ہے پاکستان مدینہ کی ریاست جیسی ریاست بنے، ایک ریاست جس کے اندر انسانیت ہو۔ جانور کے معاشرے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہوتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسمبلی میں انگریزی میں تقریر ہوتی ہے، ہمیں مائنڈ سیٹ بدلنا ہے، ہم توہین کرتے ہیں انگریزی نہ بولنے والوں کی، کبھی ایسا ہوا برطانیہ کی اسمبلی میں فرنچ میں تقریر ہوئی ہو،مجھے پتہ ہے قومی اسمبلی میں کتنوں کو انگریزی آتی ہے اور کتنوں کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنے لوگوں کو روزگار نہیں مل سکتا، اب ضروری ہے انڈسٹریلائزیشن ہو، سیاست دان غلط حرکت کرتا ہے تو اس میں سیاست غلط نہیں، ہمیں انڈسٹریلائز ہونا ہے، ایکسپورٹس پر زور دینا ہے، ہم نے ایگریکلچر کو بڑھانا ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ٹورازم سے پاکستان بہت پیسہ بنا سکتا ہے، ٹورازم پر ہم نے کبھی توجہ ہی نہیں دی، تعلیم خاص طور پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کو بڑھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین وہ ملک ہے جو ہر چیز میں تیزی سے آگے جارہا ہے، دنیا چین کی ترقی سے خوفزدہ ہے، لیکن چین ہمارا اچھا دوست ہے، ہمارے لئے سنہری موقع ہے ہم چین سے فائدہ اٹھائیں، چینی وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ ہمیں ماحول دیں ہم انڈسٹری لائیں گے۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سادگی سے زندگی گزار رہے ہیں، ان کا کہنا تھا تیل کی نہریں بھی بہیں گی اس کا بھی وقت آئے گا، آئی جی پنجاب کو داد دیتا ہوں بڑے بڑے قاتل پکڑ کر جیلوں میں ڈالے۔